جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں بجلی کے نظام کی خستہ حالی پر عوام نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبے میں بجلی کی تاریں نہایت پرانی اور خستہ حال ہیں، جو کسی بھی وقت ٹوٹ کر بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ کئی دہائیوں پرانی تاریں آج بھی بجلی کے نظام کا حصہ ہیں جنہیں ابھی تک تبدیل نہیں کیا گیا۔ ان تاروں کے ٹوٹنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اگر دن کے وقت کوئی تار ٹوٹ گئی تو اس سے بڑے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔قصبے کے لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ بجلی کے ناقص نظام کی وجہ سے پہلے بھی کئی دکانوں میں آگ لگ چکی ہے، جس سے دکانداروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آئندہ ہونے والے نقصان کی ذمہ داری محکمہ بجلی کے افسران پر عائد ہوگی۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ قصبے کے بجلی نظام کی فوری طور پر مرمت اور خستہ حال تاروں کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔قصبہ کے مکینوںنے زور دیا کہ بجلی کا نظام عوامی زندگی کا اہم حصہ ہے، اور اس کی بہتری کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہ سکیں۔