مینڈھر //فوج نے اس بات کا دعویٰ کیاہے کہ مینڈھر کے ڈیری ڈبسی علاقہ میں جنگجوئوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی ، جس کے نتیجے میں دو در انداز مارے گئے ۔ فوج کے مطابق بدھ کی رات تین سے چار جنگجوئوں پر مشتمل ایک گروپ نے ڈیری ڈبسی سے حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش کی تاہم فوج کی بروقت کارروائی سے اسے ناکام بنادیاگیا۔ فوج کاکہناہے کہ سرحد کے اس پار جنگجو اس تاک میں ہیں کہ دراندازی کرکے جموں و کشمیر کی حدود میں داخل ہوں تاہم فوج مستعد ہے اور ہر ایک کوشش کوناکام بنایاجائے گا۔ فوج کی طرف سے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔چونکہ یہ علاقہ کافی نشیب میں واقع ہے اس لئے تلاشی کارروائی میں مشکلات بھی پیش آرہی ہیں ۔ واضح رہے کہ ڈیری ڈبسی علاقہ حد متارکہ کے قریب واقع ہے جہاں آئے روز ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری تبادلہ بھی ہوتارہتاہے ۔اس واقعہ کے حوالے سے جموں میں فوج کے ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ در اندازی کی کوشش میں دو افراد مارے گئے جنکی لاشیں حد متارکہ کے قریب پڑی ہیں تاہم انہیں شام تک نہیں اٹھایا جاسکا ہے۔
بٹل سیکٹر میں فائرنگ، ڈرائیور ہلاک
نیوز ڈیسک
راولپنڈی// بھارتی فوج نے ایک بار پھر سویلین آبادی پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک شہری کو ہلاک کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک سویلین گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر میں اسکول وین کو نشانہ بنایا۔