سمت بھارگو +جاوید اقبال
راجوری//پونچھ ضلع کے مینڈھرسب ڈویژن کے گاؤں کانڈی میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب شدید بارش کے بعد قبرستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث زمین کھسکی اور ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کی 24 اور 4 سال قبل دفن کی گئی لاشیں سالم حالت میں برآمد ہو گئیں۔اس واقعے کو مقامی لوگ ’قدرت کا کرشمہ‘ قرار دے رہے ہیں اور اسے اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ واقعہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب بارش کے بعد گاؤں کے ایک پرانے قبرستان پر مٹی کا تودہ آ گرا، جس کے نتیجے میں دو قبریں زمین کے اوپر آ گئیں۔مقامی افراد کے مطابق جب وہ ملبہ ہٹانے کیلئے جمع ہوئے تو انہیں یہ دیکھ کر شدید حیرت ہوئی کہ قبروں کے اندر موجود لاشیں بالکل سالم تھیں اور کفن بھی ویسا ہی محفوظ تھا جیسا دفن کے وقت تھا۔مذکورہ قبریں مرحوم مولانا ابراہیم مغل اور ان کی اہلیہ کنیز بیگم کی تھیں۔ مولانا ابراہیم مغل کا انتقال 24 برس قبل ہوا تھا جبکہ ان کی اہلیہ کنیز بیگم کی وفات 4 برس قبل ہوئی تھی۔ دونوں کو ایک ہی قبرستان میں ساتھ ساتھ دفن کیا گیا تھا۔مقامی شہری محمد جاوید نے بتایا کہ ’’یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے کہ اتنے سال گزرنے کے باوجود دونوں لاشیں محفوظ حالت میں ہیں، یہاں تک کہ کفن بھی خراب نہیں ہوا۔ یہ سب اللہ کی قدرت ہے جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے‘۔جاوید نے مزید بتایا کہ یہ منظر دیکھ کر پورے علاقے میں ایک روحانی کیفیت پیدا ہو گئی اور سینکڑوں افراد موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں دونوں مرحومین کی دوبارہ تدفین جمعہ کی شام کو عمل میں لائی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس ’کرشمے‘ کے گواہ بنے۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس کی بازگشت سنائی دی، جہاں اسے ایک ’الٰہی نشان‘قرار دیتے ہوئے کئی صارفین نے اس پر اپنی روحانی عقیدت کا اظہار کیا۔مقامی علماء اور بزرگانِ دین نے اس موقع پر کہا کہ ایسے واقعات انسان کو اس کے خالق کی قدرت کی یاد دلاتے ہیں اور قبر و آخرت پر ایمان کو تازہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تنبیہ بھی ہے کہ انسان اپنی زندگی میں نیکی اور سچائی کے راستے کو اپنائے تاکہ آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔مقامی افراد نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ قبرستان کے ارد گرد حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے تاکہ آئندہ کسی قدرتی آفت کی صورت میں قبروں کو نقصان نہ پہنچے۔یہ واقعہ نہ صرف اہلِ علاقہ کے لئے بلکہ دور دراز کے لوگوں کے لئے بھی باعثِ حیرت اور ایمان افروز ثابت ہوا ہے، جس نے سب کو اللہ کی قدرت کے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیا ہے۔