مینڈھر /راجوری //کئی دنوں کی خاموشی کے بعد حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے مابین پھر سے گن گرج شروع ہوگئی جس دوران مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ۔ ایک ہفتے تک حد متارکہ پر خاموشی چھائے رہنے کے بعد اتوار کو مینڈھر بالاکوٹ کے ترکنڈی اور نوشہرہ کے جھنگڑ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران 6راجپوت سے وابستہ اہلکار سدیش کمار جوبالاکوٹ کے ترکنڈی سیکٹر میں میں تعینات تھا،سنائپر سے فائرکی گئی گولی لگنے سے موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔وہیں نوشہرہ کے جھنگڑ سیکٹر میں بھی دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کاتبادلہ ہواہے ۔ذرائع نے بتایاکہ صبح چار بجے فائرنگ کاسلسلہ شروع ہواجو ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہاجس کے بعد اگر خاموشی ہے ۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو علی الصبح لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر کھوئی رٹہ کے علاقے میں بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔فائرنگ کا سلسلہ اتوار کی صبح صبح ساڑھے 4 بجے شروع ہوا جو 7 بجے تک جاری رہا جبکہ اس دوران ڈھائی گھنٹے تک پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔