جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کا سرحدی علاقہ بدستور آگ کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے سرحدی علاقہ کا ایک بڑا خطہ دھویں سے گھیرا ہواہے۔آگ کے باعث سرحدی علاقے میں ایک درجن سے زائد بارودی سرنگ کے دھماکے ہوئے ہیں جو لائن آف کنٹرول پر حفاظتی انتظامات کے طور پر بچھائی جاتی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق ایک بڑا علاقہ اس وقت آگ اور دھویں کی لپیٹ میں ہے اور وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔ آگ پاکستانی سرحد سے لگائی گئی جو اب مینڈھر سیکٹر میں پھیل گئی ہے۔ بارودی سرنگ دھماکے ہونے کے ساتھ ساتھ سینکڑں سر سبز درخت بھی جل کر راکھ ہو گئے ہیں جبکہ جنگلی جانوروں نے بھی آبادی کی طرف رخ کر لیا ہے جس سے لوگوں کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیاہے البتہ ا بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔معلوم ہوا ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے پولیس، فوج اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار جہاں ایک طرف آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں وہیں جنگجوئوں کی طرف سے جنگل میں آتشزدگی کی آڑ میں دراندازی کرنے کی کوششوں پر بھی نظر گزر رکھے ہوئے ہیں۔