جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھرقصبہ میں نالیوں کی مسلسل بندش اور صفائی نہ ہونے کے باعث قصبہ کی سڑکیں پانی سے بھر کر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ معمولی بارش کے بعد بھی سارا پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے، جس کے سبب راہگیروں، دکانداروں اور مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی دکانداروں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ گندے پانی کے سڑکوں پر بہنے سے ان کے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی دکانوں کے اندر بھی پانی داخل ہو چکا ہے، جس سے مالی نقصان ہوا ہے۔ مقامی دکاندار مشتاق احمد نے بتایا کہ ’پچھلے کئی ہفتوں سے نالیاں بند پڑی ہیں، پانی کا بہاؤ روکنے کی کوئی تدبیر نہیں کی جا رہی۔ اگر یہی حالت رہی تو ہمیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا‘۔عام شہریوں کا بھی کہنا ہے کہ قصبے میں پیدل چلنا دشوار ہو گیا ہے، بزرگ، خواتین اور اسکول جانے والے بچے سب متاثر ہو رہے ہیں۔ لوگ سڑک کے کنارے چلنے سے بھی قاصر ہیں کیونکہ نالیاں بند ہونے کی وجہ سے گندہ پانی ہر طرف پھیلا ہوا ہے۔قصبہ کے متعدد افراد نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقی کے افسران سے اپیل کی ہے کہ منڈھر قصبہ کی نالیوں کی فوری صفائی کی جائے اور مستقل بنیادوں پر صفائی کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ دوبارہ ایسی صورت حال نہ پیدا ہو۔شہریوں نے تنبیہ دی ہے کہ اگر محکمہ دیہی ترقی اور مقامی انتظامیہ نے اس مسئلے کا فوری حل نہ نکالا تو وہ مجبوراً سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ صرف صفائی کا مسئلہ نہیں، بلکہ صحت، تجارت اور بنیادی شہری حقوق کا معاملہ ہے‘۔عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر توجہ دیں اور فوری کارروائی کروا کر عوام کو اس اذیت ناک صورت حال سے نجات دلائیں۔