جموں //سرینگر جموں شاہراہ مسلسل تین روز سے بند ہونے کے پیش نظر جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن نے 15 اور 17 فروری کوکے اے ایس 2016 مینز کے پہلے دو پرچوں کے امتحانات ملتوی کردئے ۔کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس (کے اے ایس)2016مینز کے امتحانات 15فروری جمعرات سے شروع ہونے والے تھے، البتہ خراب موسمی حالات اور اس کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت نا ممکن بن جانے کے پیش نظر امتحانات میں شامل ہونے والے امیدواروں کی ایک بڑی تعداد شاہراہ پر درماندہ ہے۔ موسمی صورتحال اور وزیر اعلیٰ کی مداخلت کے تناظر میں ریاستی پبلک سروس کمیشن(JKPSC) کا ہنگامی اجلاس جمعرات کی صبح چیئرمین لطیف الزمان دیوا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کے اے ایس2016مینز کے پہلے دو پرچوں کا امتحان ملتوی کیا جائے۔