جموں // وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقہ میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر میں حاضری دینے کے لئے جمعرات کو 500 سے زائد کشمیری پنڈت جموں سے وادی کی طرف روانہ ہوئے۔ وادی کی طرف روانہ ہونے والے کشمیری پنڈت جمعرات کی صبح یہاں نگروٹہ علاقہ میں واقع جگتی ٹاون شپ میں جمع ہوئے۔ ’ماتا کھیر بھوانی کی جئے‘کے نعروں کے بیچ کشمیری پنڈت اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں سوار ہوکر وادی کی طرف روانہ ہوئے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا ’ایس آر ٹی سی کی 16 بسیں جن میں 500 سے زائد پنڈت سوار ہیں، تولہ مولہ کی طرف روانہ ہوئی ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ بسوں کا قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ وادی کی طرف روانہ ہوا ہے۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ صوبائی کمشنر جموں مندیپ بھنڈاری نے بسوں کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ایک کشمیری پنڈت انیل دھر نے بتایا ’وادی کی صورتحال جیسی بھی ہو، ہم تولہ مولہ میں کھیر بھوانی کی مندر میں حاضری کے لئے وہاں ضروری جائیں گے‘۔ پری تکشہ کول نامی ایک طالبہ نے بتایا ’پوری کشمیری پنڈت برادری کو ماتا کھیر بھوانی سے عقیدت ہے‘۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ کھیربھوانی مندر میں جمعہ کو شروع ہونے والے سالانہ کھیر بھوانی میلے میں ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔ میلہ کھیر بھوانی کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار ہے۔ یو اےن آئی
گورنر ،وزیراعلیٰ نائب وزیراعلیٰ کی مبارکباد
سرینگر //گورنر این این ووہرا نے کھیر بھوانی میلے پر ریاستی عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں گورنر نے کہا کہ یہ میلہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایک روشن مثال ہے جو جموں کشمیر کے صدیوں پرانے مایہ ناز مخلوط ثقافت کا عکاس ہے ۔ گورنر نے اس موقعہ پر ریاست کے لئے امن ، یگانگیت ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی ۔ ادھر وزیر اعلیٰ نے اس متبرک دن کو ریاست میں خوشی ، امن اور ترقی کا پیغمبر آنے کی تمنا ظاہر کی ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ کھیر بھوانی میلہ ریاست کی مخلوط ثقافت ، رواداری اور مذہبی یگانگت کی علامت ہے جو کہ صدیوں سے جاری ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو سماج کے مختلف طبقوں کے مابین یکجہتی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مستحکم بنانے کی اپیل کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ یہ تہوار آپسی بھائی چارے اور روا داری کا عکاس ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی صدیوں پرانی روائت رہی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے ریاست میں امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے پیغام میں پروفیسر مٹو نے کہا ہے کہ یہ تہوار آپسی بھائی چارے اور روا داری کا عکاس ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی صدیوں پرانی روائت رہی ہے ۔پروفیسر مٹو نے ریاست میں امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی ہے ۔