سرینگر// وزیر مملکت برائے جنگلات ، ماحولیات ، پشو و بھیڑ پالن ، امداد باہمی و ماہی پروری میر ظہور احمد نے لال چوک سرینگر میں واقع کواپریٹو سُپر بازار کی تجدید کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجارتی یونٹ ایک منافع بخش یونٹ ہونے کے ساتھ ساتھ صارفین کو مناسب داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے ۔ انہوں نے صارفین کی سہولیت کیلئے ایک سنگل ونڈو میکنزم متعارف کرنے پر بھی زور دیا ۔ وزیر نے کل کواپریٹو سُپر بازار لال چوک کا دورہ کر کے وہاں جاری کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری محکمہ امداد باہمی ، منیجنگ ڈائریکٹر جموں کشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور ان محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ تھے ۔ اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ کواپریٹو سُپر بازار سرینگر نے سال 2016-17 کے دوران 7.41 کروڑ روپے کی مالیت کے کنزیومر اشیاء فروخت کر کے 22.86 لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ یونٹ نے مالی سال 2017-18 کے دوران ماہ اپریل کے آخیر تک اشیاء کی فروخت سے 6.97 لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا ہے ۔ وزیر نے سُپر بازار کے مختلف کونٹروں کا معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر کواپریٹو سُپر بازار کی عمارت کے کرایہ کی ادائیگی پر بھی غور و خوض ہوا ۔ وزیر نے محکمہ امداد باہمی کے حکام کو جے کے ایس آر ٹی سی اور تعمیراتِ عامہ محکمہ کے ساتھ میٹنگ منعقد کر کے از سر نو کرایہ نامہ تیار کرنے اور اسے متعلقہ حکام کو بھیجنے کی ہدایت دی تا کہ یہ معاملہ جے کے ایس آر ٹی سی کے ساتھ اٹھایا جا سکے ۔ وزیر نے سُپر بازار کے کام کاج پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سُپر بازار سے ہی خریداری کر کے محکمہ امداد باہمی کی جانب سے صارفین کو نہایت ہی مناسب قیمتوں پر اشیاء کی دستیابی سے مستفید ہو جائیں ۔ دورے کے دوران یونٹ کے ملازمین نے وزیر کو اپنی مانگیں پیش کیں ۔ میر ظہور نے اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگیں پوری کی جائیں گی ۔