کولگام//ملہ پورہ میر بازار قاضی گنڈمیں 6 مئی کی رات جنگجوؤں اور جموں وکشمیر پولیس کے درمیان ہونے والے شوٹ آوٹ میں زخمی ایک اور شہری اسپتال میں دم توڑ گیا ۔ اس طرح میر بازار میں ہونے والے اس ہلاکت خیز واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے۔ مہلوکین میں چار عام شہری، ایک پولیس اہلکار اور لشکر طیبہ کا ایک مطلوب ترین جنگجو شامل ہیں۔ محمد حسین ڈار نامی شہری ،جو 6 مئی کی رات کو زخمی ہوگیا تھا، ایک ہفتے تک شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اتوار کی صبح دم توڑ گیا۔ محمد حسین کھیرون مالپورہ کا رہنے والاتھا۔ طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے ورثاء کو سپرد کی گئی ۔ خیال رہے کہ 6 اپریل کو شام دیر گئے اس واقعہ میںدو عام شہری اور ایک پولیس کانسٹیبل موقعے پر ہی ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے ایک اور شہری 7 اپریل کی صبح اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جنگجو مارا گیا تھا جس کی شناخت فیاض احمد ساکن ریشی پورہ کیموہ کولگام کے بطور کی گئی تھی۔