عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//’آزادی کاامرت مہااُتسو‘ کے حصے کے طور پولیس نے ’میری مٹی میرادیش‘ ملک گیر مہم جوبدھ کو یہاں شروع ہوئی،کے تحت وادی بھر کے پولیس اداروں میں تقریبات ہوئیں۔ اس دوران شجرکاری کے علاوہ ترنگا ریلیاں بھی اضلاع میں نکالی گئیں۔بارہ مولہ میں ضلع پولیس لائنزمیں ڈی آئی جی شمالی کشمیروویک گپتا نے پولیس افسروں اورجوانوں کوحلف دلایا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی بارہ مولہ امود اشوک کے علاوہ ضلع کے دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی موجودتھے۔اسی طرح تمام سب ڈویژنوں میں ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزنے پولیس افسروں اوراہلکاروں کو حلف دلایا۔شوپیان میں اس مہم کے تحت ضلع بھرمیں شجر کاری کی گئی جبکہ سب سے بڑی تقریب ضلع پولیس لائنز شوپیان میں منعقد ہوئی جہاں ایس ایس پی مس تنوشری نے پیڑلگایا اور اس کے علاوہ تمام ایس ڈی پی اوز،نے متعلقہ سب ڈویژنوں میں شجر کاری کی۔بانڈی پورہ میں ترنگاریلیاں برآمد کی گئیں اور تمام پولیس اداروں میں مختلف تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے حلف لیا گیا۔ا س موقعہ پرایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرمانے ترنگاریلی کی قیادت کی ۔ایس ایس پی نے ضلع پولیس لائنز میں پولیس افسروں اور جوانوں کو حلف بھی دلایا۔پلوامہ میں ملک کے بہادروں کو یاد کرنے کے علاوہ انہیں خراج عقیدت بھی اداکیا گیا۔بڈگام میں ضلع کے تمام پولیس اداروں سمیت پولیس لائنز میں ملک کی ترقی اور بہبودی کیلئے ضلع کے ایس ایس پی نے افسروں اور جوانوں کوحلف دلایا۔ا س پروگرام کی ایک خاص بات یہ تھی کہ تمام شرکاء پولیس افسروں اور اہلکاروں نے اپنی سیلفیاں سرکاری پورٹل پراَپ لوڈ کیں۔ اس کے علاوہ بینراور پوسٹر بھی خاص مقامات پرلگائے گئے۔گاندربل،ہندوارہ،اونتی پورہ اور سوپور میں بھی مختلف تقریبات کااہتمام کیا گیا جن میں بینروںکی تنصیب اورپوسٹروں کونمایاں مقامات پرچسپاں کیاگیا۔