حسین محتشم+عشرت بٹ
پونچھ//حلقہ انتخاب مینڈھرسے نیشنل کانفرنس کے کامیاب امیدوار جاوید رانا نے اپنی جیت کا جشن مناتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت کا سہرہ عوام کے سر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ پانچ اگست 2019 کا فیصلہ نا انصافی پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے رہے اور انہوں نے جب پانچ اگست کے بعد پہلی بارمینڈھر میں قدم رکھا تھا تو چیلنج کیا تھا کہ وزیر اعظم میں اگر ہمت ہے تو وہ ان کے مد مقابل آکر انتخاب لڑیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جیت آزادی کی جیت ہے یہ جیت عوام کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتی جنتا پارٹی نے لوگوں کو خریدنے کی بڑی کوشش کی لیکن یہاں کے عوام نے اپنے ضمیر کی اواز سنی اور ضمیر کو بکنے نہیں دیا اور اپنا بہترین فیصلہ سنایا دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی منشور کے تحت عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال ہو اور یہاں پر دفعہ 370 اور 35 اے کی واپسی ہو۔