سرینگر// غدود باغ حبہ کدل میں میریج ہال کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ اگر چہ گذشتہ برس میریج ہال کی تعمیر شروع ہوئی تاہم ایک سال گذر جانے کے بعد بھی اس کی تعمیر مکمل نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ ایک گنجان آبادی والا علاقہ ہے اور میریج ہال کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کو انجام دینے کیلئے علاقہ میں میریج ہال کی اشد ضرورت اور لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ ہے تاہم سرکار اس کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہال کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے ممبر اسمبلی حبہ کدل شمیمہ فردوس کا کہنا ہے کہ میریج ہال پر کام نہیں روک دیا گیا ہے بلکہ آہستہ آہستہ کام چل رہا ہے کیونکہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 3کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ پر پہلے ہی80لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔