یو این آئی
سرینگر// وزیر برائے صحت و تعلیم سکینہ ایتو کا کہنا ہے کہ میریج امدادی اسکیم چل رہی ہے اور اس اسکیم میں مدد کی رقم کو 50ہزار روپئے سے بڑھا کر 75ہزار روپئے کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کیلئے تعلیمی اہلیت کے معیار کو ختم کرنے کے لئے بھی تجویز زیر غور ہے ۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’میرج اسسٹنس اسکیم چل رہی ہے اور اس میں پہلے ایک لڑکی کو شادی کے لئے 50 ہزار روپیے دئے جاتے تھے اس رقم کو بڑھا کر 75ہزار روپئے کر دیا جائے گا’۔ان کا کہنا تھا: ‘الیکشن سے پہلے ایک حکمنامہ آیا تھا جس میں اس کے لئے تعلیمی اہلیت کو معیار رکھا گیا تھا ہم اس کو ختم کریں گے کیونکہ لڑی کو شادی کرنی ہے اس میں تعلیمی قابلیت کا معیار کیوں رکھنا ہے ‘۔ایک سوال کے جواب میں سکینہ یتو نے کہا ‘ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ صحت مند رہیں اور اس کے لئے وسیع پیمانے پر جانکاری مہم چلانے کی ضرورت ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں 0.6 فیصد ایڈز سے متاثرہ ہیں، یہ بھی نہیں ہونا چاہئے بلکہ جموں و کشمیر تمام بیماریوں سے پاک ہونا چاہئے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘محکمہ اس ضمن میں وسیع پیمانے پر جانکاری عام کرنے کے لئے کوشاں ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ایڈز کے متعلق جانکاری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ جس میں اس بیماری کی علامات پائی جاتی ہوں وہ سامنے آئے اور اس کا بر وقت علاج کیا جا سکے ۔