سرینگر//معروف عالم دین میر واعظ محمد یاسین صاحب ہمدانی کا 26واں یوم وصال ۲۷ جمادالثانی مطابق16مارچ کو ریاست بھر میں منایا جارہا ہے۔ 27جماد الثانی سے جمعتہ المبارک قرآن خوانی اور کلمات و دعائے مغفرت کی مجالس کا حسب قدیم کی طرح انعقاد ہوگا۔ اِس سلسلے میں مرحوم کے مقبرہ واقع خانقاہ جامع پانپور درصحن پاک حضرت شیخ شرف الدینؒ المعروف شوگہ بابہ صاحبؒ و حضرت خواجہ مسعود ولی پانپوریؒ پر نماز جمعہ کے بعد اجتماعی گلباری اور فاتحہ خوانی ہوگی ، جبکہ جمعہ سے قبل خانقاہ پانپور میں بارہ بجے دن کے بعد تقریب پر علماء کرام ، مقررین حضرات مرحوم کی تاریخ ساز اسلامی خدمات (واعظ تبلیغ) کے 60سال کی خدمات پر روشنی ڈالینگے۔ اِسی طرح سرینگر میں تاریخی خانقاہ معلی حضرت بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانی اور آثار شریف شہری کلاش پورہ میں تقاریب منعقد ہونگی۔ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے میر واعظ کشمیر مولانا محمد یاسین ہمدانی کے یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ مولانا ہمدانی اہم ملی، سماجی اور سیاسی شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے تبلیغ دین کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیم کو فروغ دینے میں کلیدی رول ادا کیا اور ان کے اسلاف نے تحریک حریت کشمیر میں تاریخی رول ادا کیاخاص کر مجاہد ملت مولانا احمد اللہ ہمدانی جنہیں ڈوگرہ شاہی نے تحریک حریت کے ابتدائی دور میں جلائے وطن بھی کیا اور کوئٹ کشمیر کے اہم دینی شخصیت میر واعظ غلام نبی ہمدانی جنہیں بھی ڈوگرہ حکمرانوں نے جیل خانوں میں بھر دیا جبکہ میر واعظ مولانا محمد یاسین ہمدانی کو بھی تحریک کے سلسلے میں جیل میں رہنا پڑا۔ کارگذار صدر عمر عبداللہ اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، ایڈوکیٹ یاور مسعودی نے میر واعظ محمد یاسین ہمدانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء میرواعظ محمد یاسین ہمدانی کے یوم وصال پر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خراج عقیدت پیغام میں کہا کہ موصوف اپنے وقت میں فن تقریر اوراسلوب وعظ کے یکتائے روزگار تھے۔ موصوف اپنے والد محترم کی آغوش تربیت میں استفادہ کے علاوہ کشمیر کے مقتدر علماے کرام بالخصوص میرواعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ ،مرحوم واعظ کشمیر مولانا غلام نبی مبارکی اور مولانا یوسف شاہ وترہیلی کے انداز بیان کے سنگم سے ، مگر آج تک ان کے وعظ و تبلیغ کے انداز بیان کیلئے عوام تشنہ طلب ہے۔