سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظربندی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے ان کی رہائی کامطالبہ کیا ہے۔ایک بیان میں انجمن نے کہاکہ حکومت نے آج مسلسل ایک بار پھر 185 ویں جمعتہ المبارک کو سربراہ انجمن مولوی محمد عمر فاروق کو اہم دینی فریضہ نماز جمعہ اداکرنے اور نہ ہی قال اللہ وقال الرسولؐ پر مبنی منصبی ذمہ داریاں پورا کرنے کی اجازت دی ، جو قابل مذمت ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی متواتر اور لگاتار نظربندی کا عمل انجمن کے ساتھ ساتھ عوامی حلقوں کیلئے شدید فکر وتشویش کا باعث بنا ہوا ہے اور موصوف کی بلا جواز طویل ترین نظر بندی کیخلاف عوامی اضطراب اور بے چینی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ۔انجمن نے حکام پر زور دیا کہ متبرک اور مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد پر میرواعظ کشمیر کی غیر مشروط رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ موصو ف دین و مذہب اور سماج و معاشرہ کے تئیں اپنی منصبی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔