سرینگر// میرواعظ عمرفاروق نے صدراسپتال میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی اور کہاکہ کشمیری نوجوانوں کیخلاف طاقت کابے تحاشہ استعمال منصوبہ بندہے۔حریت (ع)چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق جنہیں ڈیڑھ مہینے سے زائد کی طویل نظر بندی کے بعد گذشتہ روز رہا کیا گیا ،نے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکر گزشتہ دنوں طالب علموںکیخلاف فورسز کی تشدد آمیز کارروائیوں کے نتیجے میں زخمی ہوئی اقرا بشیر سرینگراورسال2016کی عوامی تحریک کے دوران فورسز کی فائرنگ سے شدید طور زخمی ہوئے عامر منظور ساکن دمحال ہانجی پورہ کولگام جو اب تک ہسپتال میں زیر علاج ہے کی عیادت کی۔ میرواعظ نے دونوں کی فوری صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام خود کشمیر میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں اور یہاں فورسز اور فوج کو کشمیری عوام کو ہر محاذ پر زیر کرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں فوج اور فورسز کو جو غیر معمولی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں ان کا وہ بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کررہے ہیں اور آئے روز نہتے کشمیری عوام حتیٰ کہ طالب علموں کیخلاف جس بری طرح سے طاقت اور تشدد سے بے دریغ استعمال جاری ہے وہ یہاں کے عوام خاص طور پر نوجوانوں کیخلاف بھارت اور اسکے ریاستی اتحادیوں کے عزائم کو بے نقاب کررہا ہے ۔