سرینگر//سرکردہ عالم دین،اور انجمن نصرۃ الاسلام کے سابق صدر میر واعظ کشمیرمولانا احمداللہ شاہ کا87 واں یوم وصال عقید اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں انجمن کے زیر اہتمام اداروں خاص طور پر اسلامیہ اسکول راجوری کدل میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انجمن کے جنرل سیکریٹری محمد ا براہیم شاہ ، اسلامیہ اورینٹل کالج کے پرنسپل مفتی غلام رسول سامون اور اسلامیہ اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر جی ایم خان کے علاوہ انجمن کے اساتذہ اور طلباء نے میرواعظ احمد اللہ کو انکی گرانقدر خدمات اور انجمن کے تئیں تعلیمی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے اور اصلاحی کوششوں کیلئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین نے واضح کیا کہ میرواعظ احمد اللہ ایک سچے عاشق رسول ﷺ متبع سنت کے علاوہ صوفیانہ مزاج کے مالک اور حامل تھے ۔مقررین نے کہاکہ میرواعظ احمد اللہ نے اپنے دور میں اُس وقت کی ایک عظیم وبا یعنی قادیانیت اور مرزائیت کے فتنے کیخلاف عوام میں ایک زور دار تحریک چلاکر کشمیری مسلمانوں کو کفر اور ارتداد کی آندھی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ مقررین نے کہاکہ میرواعظ احمد اللہ کو ہی کشمیر میں سب سے پہلے یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوںنے کشمیر میں شخصی مظالم کیخلاف وائس رائے ہند کو پیش کئے گئے تاریخی میمورنڈم پردستخط کئے جس کے نتیجے میں ان کو حکومتی سطح سخت تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف بہانوں سے قافیہ حیات تنگ کیا گیا۔مقررین نے کہاکہ میرواعظ احمد اللہ کے دور صدارت میں انجمن نصرۃ الاسلام میں اورینٹل کالج کا قیام عمل میں لایا گیا۔پروگرام کے مطابق اس ضمن میںاسلامیہ اورینٹل کالج میں قرآن خوانی کی ایک مجلس آراستہ کی گئی اور مرحوم میرواعظ سمیت بانی انجمن میرواعظ کشمیر علامہ رسول شاہ ؒ اور دیگر صدور اور بہی خواہان انجمن کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور جنت الفردوس کیلئے ایصال ثواب کیا گیا اور اللہ تبار ک و تعالیٰ سے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔