میرا وقت ابھی نہیں آیا جب آئیگا تو پوری بھاجپا میرے ساتھ ہوگی:الطاف بخاری

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے پیر کو کہا کہ ان کا وقت ابھی نہیں آیا ہے اور جب بھی آئے گا، پوری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ان کے ساتھ ہوگی۔ بخاری نے بی جے پی کے ساتھ خفیہ روابط کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ دن کی روشنی میں پی ایم مودی اور دیگر رہنمائوں سے ملے ہیں اور اس میں کوئی راز نہیں ہے۔انہوں نے بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑنے والے عمر عبداللہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، عمر عبداللہ کا احترام کرنا میرا فرض ہے، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وہ سری نگر سے چلے گئے ہیں۔ بخاری نے کہا کہ ان کی پارٹی ان سیاسی جماعتوں کی حمایت کرے گی جو جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دلائیں گی۔ انہوں نے سرینگر میں میڈیا کو بتایا”جو جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دے گا ہم ان کی حمایت کریں گے؟ جو ہمارے نوجوانوں، بزرگوں اور مذہبی رہنماں کو جیلوں سے رہا کروائیں گے، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ وقت آئے گا اور میں ان کے نام بھی بتائوں گا”۔

 

یہ پوچھے جانے پر کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے جموں ڈویژن سے کوئی امیدوار کیوں نہیں نامزد کیا گیا ، اپنی پارٹی صدر نے کہا کہ اس بار ہم نے وادی سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارلیمانی انتخابات کے لیے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ جموں میں اپنی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ عمر عبداللہ نے پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون کے ساتھ گٹھ جوڑ ہونے کا الزام کیوں لگایا، بخاری نے کہا کہ یہ الزام نہیں تھا،آپ سے غلطی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کر دوں کہ میرے تعلقات ہر سیاسی پارٹی کے ساتھ ہیں، چاہے وہ نیشنل کانفرنس ہو، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، کانگریس، بی جے پی یا پیپلز کانفرنس یا کوئی اور پارٹی، ان کے لیے میرے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔