یو این آئی
بیجنگ//الماتی اوپن کے سیمی فائنل میں روسی ٹینس لیجنڈ ڈینیل میدویدیف اور آسٹریلیائی کوالیفائر جیمز ڈک ورتھ آمنے سامنے ہوں گے ۔ جیمز ڈک ورتھ نے جمعہ کو الماتی اوپن میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے تیسری سیڈ فلاویو کوبولی کو 6-3، 6-2 سے ہرا کر تقریباً تین سال بعد پہلی بار کسی اے ٹی پی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ آسٹریلیائی کھلاڑی نے پہلے سیٹ میں دو بار اور دوسرے سیٹ کے آغاز میں دوبارہ سروس بریک کی لیکن کوبولی کو قدم جمانے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے 10 ایسز لگائے ، اپنے فرسٹ سرو پوائنٹس کے 84 فیصد جیتے اور ایک بھی بریک پوائنٹ کا سامنا نہیں کیا۔ ایک دیگر میچ میں میدویدیف نے ہنگری کے فیبین ماروزسن کو 7-5، 6-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ عالمی نمبر چار کو ابتدائی طور پر سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے بیس لائن سے اپنی خصوصیت کی مستقل مزاجی کے ساتھ میچ پر قابو پانے سے پہلے 4-5 پر تین سیٹ پوائنٹس بچائے ۔ میچ آگے بڑھنے کے ساتھ ہی میدویدیف کی سروس مضبوط ہوتی گئی اور انہوں نے 90 منٹ سے بھی کم وقت میں فتح حاصل کرلی۔ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے کورینٹن موٹیٹ کا مقابلہ امریکہ کے ایلکس مشیلسن سے ہوگا۔ موٹیٹ نے جان -لینارڈ اسٹرف کو 6-4, 7-5 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔ اس دوران مشیلسن نے جاپان کے شنتارو موچیزوکی کو 6-3، 3-6، 6-2 سے شکست دے کر اس ہفتے کے شروع میں لگاتار پانچ میچوں کی شکست کا سلسلہ توڑ دیا اور اپنے کیریئر کے دوسرے ٹور لیول سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔