اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے دور دراز گاؤں سے تعلق رکھنے والے ملک کے معروف کرکٹر میتھن منہاس نے بی سی سی آئی صدر کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے اپنے سماجی رابطے کی فیس بک پر میتھن منہاس کے ساتھ تصویرشیئر کرتے ہوئے کہا کہ “میتھن منہاس نے ممبئی سے واپسی پر ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے بی سی سی آئی کے صدر کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے جس کا انتخاب 28ستمبر کو ہو گا ۔مستقبل کی تمام کوششوں کے لیے ان کی کامیابی کی خواہش ہے”۔ادھر ان کے آبائی گاؤں بھرتی ڈھوسہ میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میتھن منہاس کو اس اہم عہدے کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
میتھن منہاس کون ہیں ؟
میتھن منہاس 12اکتوبر 1979کوڈوڈہ میں پیدا ہوئے ہیں ۔ان کا تعلق ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے گاؤں ڈھوسہ سے ہے۔ان کی پیدائش کے کچھ سال بعد ہی وہ اپنے والدین کے ساتھ جموں منتقل ہوئے تھے تاہم ان کے قریبی رشتہ دار ڈھوسہ بھلیسہ میں ہی موجود ہیں۔وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے درجہ اول کے کھلاڑی رہے ہیں اور جموں و کشمیر کے پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں کھیلا ہے۔انہوں نے 1998سے 2015تک کرکٹ کھیلا ہے۔انہوں نے فرسٹ کلاس کے 157میچز کھیلنے ہیں جن میں منہاس نے 9714رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ 91ٹی ٹونٹی و 130لسٹ اے میچز کھیلے ہیںاور دہلی، پیون وائرس انڈیا، چنئی سپر کنگ، دہلی ڈیئرڈیولز و جموں و کشمیر کی طرف سے نمائندگی کی ہے۔وہ دہلی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔2017میں منہاس کوکنگز الیون پنجاب کا کوچ مقرر کیا گیا۔ اکتوبر 2017میں ہی وہ بنگلہ دیش کی انڈر 19ٹیم کے صلاح کار نامزد کئے گئے تھے جبکہ روئل چیلنجرز بنگلور نے 2019میں منہاس کو اسسٹنٹ کوچ بنایا تھا اور2022میں گجرات ٹائیٹنز نے آئی پی ایل میں اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا تھا۔
میتھن منہاس نے بی سی سی آئی صدر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کئے | آبائی گاؤں ڈھوسہ بھلیسہ میں خوشی کی لہر، نیک خواہشات کا اظہار
