عظمیٰ نیوز سروس
میترا، رام بن//میترا کے باشندوں نے مقامی راشن کی تقسیم کے نظام میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے سول فوڈ سپلائی ڈیپارٹمنٹ کے خلاف احتجاج کیا۔ این ایس یو آئی کے سابق قومی صدر اور یوتھ کانگریس جموں و کشمیر کے ریاستی ورکنگ صدر فیروز خان کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج نے موجودہ نظام کے تحت کمیونٹی، خاص طور پر پسماندہ گروہوں کو درپیش شدید مشکلات کو سامنے لایا۔ فیروز خان نے ڈائرکٹر فوڈ اینڈ سپلائیز اور رامبن کے ڈپٹی کمشنر پر زور دیا کہ وہ میترا میں موجودہ راشن ڈپو کو پنچایت سطح کے پانچ الگ الگ ڈپووں میں تقسیم کرکے صورتحال کو فوری طور پر حل کریں۔ مجوزہ نئے ڈپومیترا اے، میترا بی، پرنوٹ اے، پرنوٹ بی، تترسول، اور میترا ٹاؤن کی پنچایتوں کی خدمت کریں گے۔ خان نے موجودہ واحد ڈپو پر بوجھ کو کم کرنے اور مقامی آبادی کی بہتر خدمت کے لیے نئے چار اضافی راشن ڈپو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔خان نے غریبوں کے مصائب کے تئیں سرکاری ملازمین کی واضح بے حسی پر تنقید کی۔انکاکہناتھا”یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نا اہلی اور نظر اندازی کی وجہ سے غریبوں کو نقصان نہ پہنچے‘‘۔احتجاج کے جواب میں، رامبن کے تحصیل سپلائی آفیسرنے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپو میں اضافی عملہ تعینات کر کے صورتحال کو عارضی طور پر کم کیا۔ محکمہ کی طرف سے یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے لیکن دیرپا حل کا مطالبہ بدستور برقرار ہے۔