عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان میاں الطاف احمد نے پونچھ کے علاقے گھانی مینڈھر میں پیش آئے افسوسناک بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔جاری کردہ بیان میں میاں الطاف نے کہا کہ مینڈھر پونچھ میں پیش آئے اس دلخراش حادثے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’مینڈھر پونچھ میں پیش آئے سڑک حادثے کی اطلاع انتہائی دکھ دہ ہے، جس میں چار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی افراد زخمی ہوئے۔ مرحومین کے لواحقین سے میری دلی تعزیت ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔‘‘میاں الطاف نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جلد صحت یابی ممکن ہو سکے۔