عظمیٰ نیوز سروس
جموں// نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے ریاض احمد خان نے منگل کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے میانمار میں نظر بند دو کشمیری نوجوانوں کو واپس لانے کے لیے مداخلت کی درخواست کی۔اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر بحث کے دوران، خان نے ایک پوائنٹ آف آرڈر اٹھایا، جس نے ایوان کی توجہ میانمار کوسٹ گارڈ کے ذریعہ شانگس-اننت ناگ سے “دو کشمیری نوجوانوں کی حراست کے فوری معاملے” کی طرف مبذول کرائی۔خان نے ایوان کو بتایا”مجھے سیشن کے دوران متعدد فون کالز موصول ہوئیں، گوپال پورہ سے تعلق رکھنے والے امتیاز احمد خان اور اعجاز احمد خان نے مجھے بتایا کہ ان کے بچوں کو ایک پرائیویٹ ریکروٹمنٹ کمپنی نے تھائی لینڈ بھیجا اور اس کے بعد وہ دوسری جگہ چلے گئے۔ انہیں (میانمار)کوسٹ گارڈ نے دیگر ہندوستانیوں کے ساتھ میانمار کی سرحد کے قریب ایک احتجاج کے دوران حراست میں لیا،” ۔ انہوں نے کہا”دو لڑکے عدنان خان اور نوید خان، گوپال پورہ شانگس سے تعلق رکھنے والے،فی الحال میانمار کوسٹ گارڈ کی تحویل میں ہیں، جنہیں واپس لانے کی ضرورت ہے‘‘۔