عظمیٰ نیوز سروس
ینگون //میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 3 ہزار 85 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میانمار کے شہر ینگون میں زلزلے سے 4 ہزار 715 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 341 سے زائد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چھ دن بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن بجلی کی بندش، ایندھن کی کمی اور کمیونیکیشن کے مسائل نے ریسکیو آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ، یہاں تک کہ بھاری مشینری کی کمی کی وجہ سے لوگ اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر زندہ افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس قدرتی آفت نے نہ صرف میانمار بلکہ تھائی لینڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں زلزلے کے جھٹکے بنکاک تک محسوس کیے گئے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ 28 مارچ کو 7.7 اور 6.4 کی شدت کے دو زلزلے ایک کے بعد ایک محسوس ہوئے، جس کے اثرات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک تک پہنچے۔