محمد تسکین
مہو بانہال // ممبر اسمبلی بانہال ۔ گول حاجی سجاد شاہین نے گزشتہ دنوں پیدل سفر طے کرکے تحصیل کھڑی کے خوبصورت علاقہ تراجبلن مہو کا ایک روزہ دور کیا اور تراجبلن کے خوبصورت قدرتی میدان میں مہو ویلی پرائیمر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا رسم افتتاح کیا ۔ تراجبلن مہو کے قدرتی خوبصورتی سے مالا مال سرسبز میدان میں اس کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ممبر اسمبلی بانہال ۔ گول سجاد شاہین کے ہمراہ رینج آفیسر بانہال خواجہ راسخ وحید وانی ، مہو ویلی پرئیمر لیگ کے منتظمین تنویر بن احد اور شاہد ارشاد کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے اور سینکروں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے ممبر اسمبلی کا والہانہ استقبال کیا ۔ افتتاحی تقریب میں اور عام لوگوں کے علاوہ نیشنل کانفرنس لیڈر محمد الیاس بانہالی ، منیر احمد بٹ ، منظور احمد شیخ ، نوجوان قانون دان اور ممبر اسمبلی بانہال کے فرزند ایڈوکیٹ مصظفی سجاد شاہین ، خورشید احمد سہمت ، ارشاد علی ارشاد اور شوکت ارشاد قابل ذکر تھے ۔ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف ضلع رام بن بلکہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے 38 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور اس ٹورنامنٹ کا انعقاد محکمہ جنگلات رینج بانہال اور مہو ویلی کرکٹ لیگ کے مقامی نوجوانوں کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وہاں موجود سینکڑوں کی تعداد میں موجود شائقین کرکٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے کہا کہ وہ اس علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں اور وادی مہو کے اوپری علاقوں کی بے مثال خوبصورتی نے انہیں بہت متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تراجبلن میں ایک مناسب کھیل کے میدان کی تعمیر اور اس خوبصورت علاقے کو سڑک رابطہ سے جوڑنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے تاکہ اس طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی آسان رسائی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا ہم نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور اس حسین و خوبصورت علاقے میں ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ۔اس موقع پر اس ٹورنامنٹ میں بھرپور تعاون دینے والے رینج افیسر بانہال خواجہ راسخ وحید نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مقامی نوجوانوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرسبز جنگلات سے گھرے تراجبلن کے میدان میں محکمہ جنگلات کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا یہ کرکٹ ٹورنامنٹ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کرکٹ لیگ میں کھیل اور ماحولیات کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران لگنے والے ہر چھکے کے عوض ایک پودے کو لگانے کا مشن ہے تاکہ کھیل کے ساتھ ساتھ جنگلات اور پلانٹیشن کو فروغ دیا جائے اور قدرتی خوبصورتی کو بچایا اور تحفظ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ محکمہ جنگلات کے اعلی حکام کے تعاون سے ڈوبا ٹھاچی بانہال کی خوبصورت پارک کے طرز پر مزید صحت افزاء مقامات کی تعمیر و ترقی کرینگے تاکہ سیاحت اور سیر و تفریح کو فروغ دیا جاسکے ۔