سرینگر //گورنر این این ووہرا ،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ،نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور وزیر برائے امداد باہمی اور امور لداخ چھرینگ دورجے نے ریاسی ضلع کے مہور علاقے میں رونما ہوئے سڑک حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے ایسے سڑک حادثوں پر اپنے گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایجنسیوں کو جواب دہ قرار دیا جو مسافر گاڑیوں کی حالت کو بہتر بنانے ، پرانی گاڑیوں کو شاہراہوں پر چلانے ، اوور لوڈنگ ، اوور سپیڈنگ و دیگر معاملات کے ذمہ دار ہیں۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاسی ضلع کے مہور علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں10 افراد اس وقت لقمہ اجل بن گئے جب ایک ٹیمپو ٹریولر گہرے نالہ میں جا گرا۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شدید زخمی ہوئے مسافروں کو خصوصی علاج و معالجہ کے لئے بذریعہ ہوائی جہاز جموں منتقل کیا گیا۔ انہوں نے صوبائی اورریاسی ضلع انتظامیہ کو حادثہ کی جگہ پر بچاو¿ کاروائی میں سرعت لانے اور زخمیوں کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی۔