مہور//ضلع ریاسی کے مہور علاقہ میں رونما ہونے والے ایک دلدوز سڑک حادثہ میں کم از کم 10افراد جاں بحق جب کہ 15دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے 5کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بڈھن سے مہور کی طرف جارہے ڈرائیور سمیت13سواریوں کی صلاحیت والے ٹیمپوٹرولر زیر نمبر JK02 AG-0730میں 31افراد سوار تھے۔ صبح 8:45بجے کے قریب جب مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی یہ گاڑی چیچی کے مقام پر پہنچی تو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہرے کھڈ میں گر گئی ۔ پولیس کے مطابق ائور لوڈ ہونے کی وجہ سے ڈرائیور دشوار موڑوں پر گاڑی کا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور یہ لڑھکتی ہوئی 35فٹ نیچے ششی نالہ میں جا گری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 8افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ دیگر ایک زخمی نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ ایک شیر خوار بچہ نالہ میں بہہ گیا ، اس کی نعش قریب 2گھنٹے کے بعد دو کلو میٹر دور بازیاب ہو سکی ۔ حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کو سب ضلع ہسپتال مہور لے جایا گیا جہاںسے 10افراد کو ضلع ہسپتال ریاسی جب کہ دیگر 5زخمیوں کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ۔دو افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر جب کہ دیگر 3کو ایمبولنس میں جموں لایا گیا ۔ ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا تا کہ انسانی جانوں کے اتلاف کو کم سے کم کیا جا سکے تاہم حادثہ میں 10افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 15زخمی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں تین ماہ کا شیر خوار، 6سالہ کمسن اور ایک خاتون شامل ہیں ۔مہلوکین میںجاوید احمد ولد عبدالرشید ،وزیرہ بیگم زوجہ محمد شریف،چرن سنگھ ولد فقیر چند ،لیاقت علی ولد عبدالحمید،محمد ارشد ولد عبدالرشید،محمدآصف ولد علی محمد،رحمت علی ولد منظور حسین،مبشر احمدولد بہار دین،بہار دین ولد عبدالغنی اورماسٹر (3ماہ)ولد مہندر سنگھ شامل ہیں۔ ادھرگورنر این این ووہرہ ااور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاسی ضلع کے مہور علاقے میں رونما ہوئے سڑک حادثہ میں قیمتی جانوں کی زیاں ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔الگ الگ پیغامات میں انہوں نے فوت شدہ افراد کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے اور متعلقہ غمزدہ کنبوں کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کی دعا کی۔انہوں نے زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔ گورنر نے ایسے سڑک حادثوں پر اپنے گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایجنسیوں کو جواب دہ قرار دیا جو مسافر گاڑیوں کی حالت کو بہتر بنانے ، پرانی گاڑیوں کو شاہراہوں پر چلانے ، اوور لوڈنگ ، اوور سپیڈنگ و دیگر معاملات کے ذمہ دار ہیں۔انہوںنے ہدایت دی کہ کوئی بھی شخص بغیر لائسنس اپنی نجی گاڑی ، ٹرانسپورٹ و تجارتی گاڑی نہ چلائے۔