شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور میں دو مختلف سڑک حادثات میں 6 سالہ معصوم بچی سمیت 4 افراد جان بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔پہلا بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب جموں سے مہور باگن کوٹ جا رہے ایک ٹیمپو زیر نمبر JK20C-4351کومہور سے چند کلومیٹر دور تل کٹھی موڑ کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثے میں زویا دختر محمد اسلم (6 سال) ساکن ڈوگیاں ملائی مہور، راجیش سنگھ ولد سومال ساکن باگن کوٹ چسانہ، لاج کور زوجہ پنجاب سنگھ ساکن ملی کوٹ (48 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دیگر زخمیوں کو مہور کے سی ایچ سی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں سے چار شدید زخمیوں کو ضلع اسپتال ریاسی ریفر کیا گیا، جہاں ایک اور زخمی محمد عارف ولد محمد دین (30 سال) ساکن ڈوگیاں مہور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔زخمیوں کی شناخت پریا دیوی دختر بیم سنگھ (18 سال)،زرینہ بانو (4 سال)عبد الرشید،سندور سنگھ ولد چلان سنگھ (25 سال)،سورت سنگھ ولد کمل سنگھ (25 سال)،پنکج سنگھ ولد کرشن سنگھ (24 سال)،کلیان سنگھ ولد چمیل سنگھ (18 سال)،نصیب سنگھ ولد چمیل سنگھ (28 سال)کے طورپر ہوئی ہے ۔اس سے پہلے صبح 4 بجے مہور میں ہی اسی سڑک پر ایک مہندرا گاڑی زیرنمبر JK20A-8773کو حادثہ پیش آیاجس میں ڈرائیور سمیت دو بھائی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مقامی افراد نے سی ایچ سی مہور پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ایک کو ضلع ہسپتال ریاسی ریفر کر دیا گیا، جبکہ دوسرے کو مہور اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔مہور پولیس نے دونوں حادثات کے حوالے سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید جانوں کا نقصان نہ ہو۔