ظفراقبال
اوڑی//رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی سرحدی علاقے اوڑی اور بونیار میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق، رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جس سے عام لوگوں اور غریب صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے کوئی خاص اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں قیمتوں میں اضافے سے لوگوں کی قوت خرید متاثر ہو رہی ہے، خاص طور پر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔ٹماٹر کی قیمتیں جو پہلے 20 سے 25 روپے فی کلو تھیں، اب 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ دیگر اشیاء جیسے مشروم، ساگ، کدو، بندگوبی، پھول گوبی اور دوسرے سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 10 سے 20 روپے کا مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ، گوشت کی قیمت میں بھی 20 سے 30 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ مقامی بازاروں میں اشیاء بغیر قیمتوں کے تعین کے فروخت کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوام مزید پریشانی کا شکار ہیں۔