جموں//ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین اور پنشنروں کے حق میں جولائی 2017ء سے تین فیصد اضافے ڈی اے کی ادائیگی کے احکامات صادر کئے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ تین فیصد مہنگائی بھتہ جولائی 2017ء سے واگزار کیا جائے گا اور اور ڈی اے شرح اب 139فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ایک اہم فیصلے میں محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2017سے دسمبر 2017 تک اضافی تین فیصد ڈی اے کے ایئیر ملازمین کو نقد اد ا کئے جائیں گے جبکہ جنوری 2018ء سے یہ ملازمین کی تنخواہوں میں شامل کیا جائے گا۔حکمنامے کے مطابق ڈی اے میں اضافہ ورک چارج / ہول ٹائم ایسے کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین پربھی لاگو ہو گا جو ریگولر ٹائم سکیل میں کام کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے ا س سال 11؍جنوری کو ریاستی اسمبلی میں اپنے بجٹ خطاب میں التوا میں پڑے ڈی اے کی واگزار ی اور ریاست ملازمین کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ریاستی قانون ساز یہ کے اجلاس کے دوران اوور ٹائم کام کرنے والے ملازمین کے ریفرشمنٹ چارجز کو 7500 روپے سے بڑھا کر 10,000روپے کرنے کااعلان کیا ہے ۔ڈاکٹر درابو نے کہا کہ پچھلی چند دہائیوں میں یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ مالی استحکام کی بدولت ڈی اے ایئرس نقد ادا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پچھلے تین برسوں کے دوران مالی نظامت کے حوالے سے کئے جارہے اقدامات کی بدولت وسائل پوزیشن میں بھی استحکام پیدا ہوا ہے اور محکمہ خزانہ اپنے ملازمین کو مالی فوائد دینے میںکامیاب ہوا ہے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے پچھلے تین برسوں کے دوران ملازمین اور پنشنروں کے حق میں 35فیصد ڈی اے کا اضافہ کیااور دربارمو ڈی اے کو بھی 10,000سے 15000روپے بڑھایا گیا۔ اس کے علاوہ ٹمپریری مو الائونس بھی فی ماہ 1500روپے سے بڑھا کر 2000روپے کر دیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات بھی اپریل 2018ء سے لاگو کی جارہی ہے اور حکومت نے ملک کی دیگر ریاستوں سے پہلے ہی یہ عمل شروع کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ملازمین کواپنی مانگوں کو لے کر ایک مرتبہ بھی سڑکوں پر نہیں آنا پڑا۔ ڈاکٹر درابو نے کہاکہ ایک حالیہ فیصلے میں حکومت نے یومیہ اُجرتوں پر کام کرنے والے ورکروں کی یومیہ اجرتوں کو ڈیڑھ سو روپے سے بڑھا کر 225روپے کردیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ یومیہ اُجرتوں پر کام کرنے والے ورکروں ، کیجول ،سیزنل اور دیگر ورکروں کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کا عمل پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے۔
عارضی ملازمین کے مشاہروں میں 50فیصد اضافہ
جموں//ریاستی حکومت نے ڈیلی ویجروںاور کیجول لیبرز کے یومیہ مشاہروں میں 50فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے ۔پرنسپل سیکریٹری فائنانس کی جانب سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق باضابطہ طور تعینات ڈیلی ویجر بشمول کیجول لیبرجو کسی بھی سرکاری محکمہ،میونسپل کمیٹیوں اور لوکل باڈیز میں کام کررہے ہیں،کے موجودہ مشاہروں 150فی روز ،میں اضافہ کرکے انہیں225روپے فی دن کیا جارہا ہے ۔۔اس حکم نامے کا اطلاق یکم جنوری2018سے ہوگا ۔