عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج کے جوان گورمیت کمار، جو کہ ضلع راجوری کے رہائشی تھے، دورانِ ڈیوٹی میرٹھ (اتر پردیش) میں طبی مسائل کے باعث وفات پا گئے۔ہفتہ کے روز ان کا جسد خاکی آبائی علاقے لایا گیا، جہاں پورے اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ہزاروں سوگواران نے شرکت کرکے اپنے بہادر سپوت کو الوداع کہا۔ہندوستانی فوج نے شہید گورمیت کمار کو باوقار فوجی اعزاز کے ساتھ الوداعی سلامی پیش کی، جبکہ اہلِ خانہ، دوست احباب اور مقامی افراد نے آنکھوں میں آنسو اور دلوں میں غم کے ساتھ ان کی قربانی کو سلام پیش کیا۔گورمیت کمار کی شہادت نے پورے خطے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔راجوری کے سرحدی ضلع سے تعلق رکھنے والے گورمیت کمار کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، جو مادر وطن کی خدمت کرتے ہوئے امر ہو گئے۔