عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// وادی درہال کے ملہت علاقے میں واقع سید شرف الدین رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت پر پیر سید شرف الدین شاہ رحمت اللہ علیہ کا سالانہ عرس مبارک بڑی شان اور شوکت کے ساتھ منایا گیا جس میں ملہت پنچایت اور اس سے ملحقہ علاقوں سے سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عرس مبارک کی تقریب کابا قاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا اس کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ علاوہ ازیں اس نورانی تقریب میں نعت و منقبت اور ختمات معظمات اور ذکر و اذکار کا سلسلہ جاری رہا جبکہ علماء کرام نے اولیاء اللہ کے کمالات و کرامات اور تعلیم پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام لوگ اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چل کر ہی دارین کی سرخروئی اور سر بلندی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کی صدارت سید پیر مشتاق حسین شاہ نے کی جبکہ پروگرام میں متعدد علماء کرام نے بھی شرکت کی جن میں مولوی لطیف مرزا، مولوی رشید مرزا، مولوی عبد الرزاق، سید پیر خادم حسین شاہ، کے نام قابل ذکر ہیں۔ نماز ظہر کے بعد پیر سید مشتاق حسین شاہ نے اختتامی دعا کی جس میں ریاست جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ پوری امت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔