سرینگر//جماعت اسلامی نے چاڈورہ میں جاں بحق ہوئے معصوم اور نہتے نوجوانوں عامر فیاض ، زاہد رشید اور اشفاق احمد وانی کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کرتے ہوئے قتل ناحق کے ان اندوہناک واقعات کی کڑی مذمت کی ہے اور ان میں ملوث اہلکاروں کے خلاف عبرتناک کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دنیا کے مہذب اقوام میں اسرائیل کے بغیر کسی بھی ملک میں اس طرح نہتے عوام پر طاقت کا بے تحاشا استعمال نہیں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مسلسل اس بدترین سلوک کا سامنا کررہے ہیں اور اُن کے تمام اُن حقوق کو بری طرح پامال کیا جارہا ہے جو اُن کو بنی نوع انسان سے تعلق ہونے کی بنا پر حاصل ہیں،بھارتی حکمران اپنے بلند بانگ جمہوری دعوﺅں کے باوجود تمام جمہوری اصولوں کو کشمیر میں ڈھٹائی سے پامال کررہے ہیں اور جو لوگ ان مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں انہیں علیحدگی پسند اور دہشت گرد جیسے القابات سے نواز کر دنیا کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوششیں کی جاتی ہیں۔ترجمان نے حالیہ ایام میںجاں بحق ہوئے نوجوانوں شہباز احمد وانی، فاروق احمد حرا اور توصیف احمد وگے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔