سی این آئی
سرینگر //مہجور نگر سے پادشاہی باغ تک سڑک کی خستہ حالی کیخلاف مقامی لوگوں نے ایک با ر پھر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیا اور ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک کی مرمت جلد از جلد عمل میں لائی جائے ۔ مہجور نگر پادشاہی باغ سڑک پر بدھ کی صبح ا س وقت ٹریفک کی آمد رفت بند ہوئی جب مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے سڑک کی خستہ خالی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ مقامی لوگوں نے یوتھ ویلفیئر کمیٹی کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس سڑک کو حکام نے بار بار نظر انداز کیا اور آج تک اس سڑک کی نہ تو مرمت کی گئی او ر نہ ہی اس پر میکڈم ڈالا گیا جو کہ باعث افسوس ہے ۔ اس موقعہ پر یوتھ ویلفیئر کمیٹی کے پی باغ کے جنرل سیکرٹری اعجاز عزیز شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث انہیں کافی پریشانیا ں لاحق ہو چکی ہیں اور معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی سڑک جھیل میں تبدیل ہو جاتی ہے اور ا س پر چلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد سڑک پر پیدل چلنا محال ہو جاتا ہے جبکہ گاڑیوں کی دور کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار حکام کے دفاتر میں دستک دی اور انہیں کہا کہ اس معاملے کو دیکھا جائے تاہم یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیںہوا جس کیلئے ہم آج پھر سے سڑک بند کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کو دیکھا جائے اور اس کو حل کیا جائے بصورت دیگر ہم احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہو نگے ۔