عظمیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج//مہاکمبھ 2025کا تیسرا امرت اسنان بسنت پنچھمی کوپریاگ راج میں اختتام پذیر ہوا، اکھاڑوں نے رسمی غسل کیا۔انتظامیہ کے مطابق اس امرت کال کے دوران لاکھوں عقیدت مندوں نے تروینی سنگم میں ڈبکی لگائی۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس موقع پر تمام سنتوںاور عقیدت مندوں کو مبارکباد دی۔ امرت سنان میں عقیدت مندوں نے شرکت کرتے ہوئے تروینی کے کنارے پرخوشی کا اظہار کیا۔ تیسرا امرت سنان گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر ہندو سناتن دھرم کے مشعل بردار 13اکھاڑوں کے سنتوں کی رسمی ڈبکی سے شروع ہوا۔ مہاکمبھ میں امرت اسنان کی گہری روحانی اہمیت ہے ۔پریاگ راج میں گنگا اور جمنا کے ساتھ مل کر اس امرت اسنان کو اور بھی زیادہ اہم بنا دیا۔ اپنی قدیم سناتن روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سادھوئوں اور سنیاسیوں کے اکھاڑوں نے ایک وسیع یاترا کے بعد مقدس امرت اسنان کیا، جو پورے رسوم اور شان و شوکت کے ساتھ انجام دیا گیا۔ امرت اسنان مہا نروانی اکھاڑہ سے شروع ہوا۔یوگی حکومت نے مہاکمبھ 2025کے اس آخری امرت اسنان کیلئے سنگم میں جمع ہونے والے کروڑوں عقیدت مندوں پر ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے۔وزیر اعلیٰ نے مہاکمبھ 2025کو ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور روحانی اقدار کو ظاہر کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔