یواین آئی
پریاگ راج//وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاکمبھ کے موقع پر بدھ کو گنگا، جمنا اور غیر مرئی سرسوتی کے سنگم میں آستھا کی ڈبکی لگائی ۔ مودی بدھ کی صبح تقریباً 10:30بجے پریاگ راج کے بمرولی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایریل کے ڈی پی ایس ہیلی پیڈ پر اترے۔ وزیر اعظم صبح تقریباً 11.10بجے اریل گھاٹ پہنچے اور وہاں سے وہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ موٹر بوٹ کے ذریعے سنگم نوز پہنچے اور ویدک منتروں کے جاپ کے درمیان تروینی میں اسنان کیا۔غسل کے بعد انہوں نے سورج کوارگھیہ بھی دیا اور ملک میں امن و خوشحالی کی دعا کی۔ سنگم اسنان کے بعد مودی لیٹے ہنومان جی اور اکشے وٹ کا درشن پوجن کریں گے ۔ اس دوران ان کی اکھاڑوں کے سربراہوں اور سنتوں سے ملاقات کا امکان ہے۔ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم اس سے پہلے 2019 میں 24 فروری کو کمبھ کے موقع پر یہاں آئے تھے اوراسنان دھیان کے بعد انہوں نے کارکنوں کے پاں پکھارے تھے۔ مودی گزشتہ سال 13 دسمبر کو پریاگ راج آئے تھے اور 5500 کروڑ روپے کے 167 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا تھا۔دریں اثنا،بدھ کو بھی لاکھوں عقیدت مندوں نے مہا کمبھ میں مختلف گھاٹوں پر اسنان کیا۔ سرکاری معلومات کے مطابق، صبح 8 بجے تک 37 لاکھ سے زیادہ عقیدت مند اسنان کرچکے تھے، جس کے بعد اب تک 38 کروڑ سے زیادہ عقیدت مند مہا کمبھ کے سنگم میں آستھا کی ڈبکی لگاچکے ہیں۔