عظمیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج// وسیع انتظامات کے درمیان مہا کمبھ میلے کے دوران ماگھی پورنیما کے موقع پر بدھ کو دوپہر تک 1.60کروڑ لوگوں نے سنگم میں ڈبکی لگائی۔اسنان کا سلسلہ بدھ کی صبح شروع ہوا اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ لکھنو سے اس تقریب کی نگرانی کر رہے ہیں۔ماگھی پورنیما کے اسنان کے ساتھ ہی مہینہ بھر کا کلپاواس بھی ختم ہو جائے گا اور تقریباً 10لاکھ کلپواسی مہا کمبھ سے نکلنا شروع ہو جائیں گے۔ انتظامیہ نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور صرف مجاز پارکنگ کی جگہیں استعمال کریںجبکہ لاکھوں عقیدت مند ڈبکی لینے کے لیے سنگم نوز کی طرف جارہے ہیں۔ اتر پردیش حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رات 12 بجے تک تروینی سنگم اور دیگر گھاٹوں پر 1.59 کروڑ لوگوں نے ڈبکی لی تھی۔ہیلی کاپٹروں سے عقیدت مندوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آدتیہ ناتھ صبح 4بجے سے لکھنو میں اپنی سرکاری رہائش گاہ سے ماگھی پورنیما اسنان کی نگرانی کر رہے تھے۔کرکٹ اسٹار انیل کمبلے نے اپنی اہلیہ چیتنا رامتیرتھا کے ساتھ تروینی سنگم میں ڈبکی لگائی۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پرشانت کمار، پرنسپل سکریٹری (ہوم)سنجے پرساد اور سی ایم سکریٹریٹ کے اہلکار بھی وار روم میں موجود ہیں۔مہا کمبھ میلہ کے ڈی آئی جی ویبھو کرشنا کا کہنا ہے’’آج ماگھی پورنیما ہے اور ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں نے ڈبکی لی ہے۔ہمارے انتظامات کافی اچھے ہیں اور ہر جگہ پولیس تعینات ہے۔ بھیڑ آرام سے آگے بڑھ رہی ہے۔ہمارے ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے‘‘۔اتر پردیش کی حکومت نے یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مہا کمبھ میں “آپریشن چتربھوج” بھی شروع کیا۔ایک بیان کے مطابق، اس اقدام نے انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی)کی جدید نگرانی کے ساتھ سیکورٹی کو مضبوط کیا ہے، جس نے چوبیس گھنٹے چوکسی کیلئے 2,750ہائی ٹیک کیمروں، ڈرونز اور اینٹی ڈرون سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے ایونٹ کی نگرانی کی۔