عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// بی جے پی کی سربراہی والے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے)نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کا آئندہ نائب صدر کے انتخاب کے لیے امیدوارکا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے دن میں، بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتوار (17 اگست، 2025) کو نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں اپنے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد کیا۔جگدیپ دھنکھر (74) نے صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 21 جولائی 2025 کو نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے بھارت کے نائب صدر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اگر مقابلہ ہوا تو 9 ستمبر کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک پارلیمنٹ ہائوس کی پہلی منزل پر پولنگ ہوگی۔چندرپورم پونوسامی رادھا کرشنن 31 جولائی 2024 سے مہاراشٹر کے 24ویں اور موجودہ گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے فروری 2023 سے جولائی 2024 تک جھارکھنڈ کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، اور تلنگانہ کے گورنر کے طور پر بھی کام کیا۔ مارچ 2024 سے جولائی 2024 کے درمیان پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر (اضافی چارج)بھی تھا۔وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ٹکٹ سے کوئمبٹور سے دو بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔وہ تمل ناڈو کے لیے بی جے پی کے سابق ریاستی صدر بھی تھے۔