معمولات زندگی درہم برہم ،6افراد کی موت ،سڑک، ریل اور فضائی خدمات متاثر
یو این آئی
ممبئی //مہاراشٹر میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش نے ریاست کے مختلف اضلاع میں معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، دریاؤں کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرنے اور سڑک، ریل و فضائی خدمات متاثر ہونے کے باعث ریاستی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران انتہائی شدید بارش اور 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔مسلسل بارش کے باعث ممبئی۔گوا قومی شاہراہ پر امبا دریا کا پانی سڑک پر آ جانے سے تقریباً پانچ گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی، جب کہ ناگوتھنے کے واکن علاقے میں بھی شاہراہ بند رہی۔ دوسری جانب ممبئی۔پونے ریلوے روٹ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹرین خدمات متاثر ہوئیں۔شدید موسمی حالات کے باعث ممبئی سے کئی صبح کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے باوجود ریاستی اسمبلی کی کارروائی متاثر نہیں ہوئی اور متعدد ارکان اسمبلی ہوائی اڈے سے براہ راست اسمبلی پہنچے۔ تاہم بعد ازاں شدید بارش کے پیش نظر اسمبلی کی کارروائی پیر کی صبح 11 بج کر 10 منٹ پر ملتوی کر دی گئی، جو اب منگل کو دوبارہ شروع ہوگی۔ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ممبئی اور کونکن میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ریاستی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممبئی میں نجی اداروں کو جہاں ممکن ہو وہاں ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ غیر ضروری سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر کے لیے نصف دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ دوسری جانب ممبئی کے مانخورد علاقے میں شدید بارش کے دوران تین منزلہ چال کے منہدم ہونے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔۔ حکام نے بتایا کہ ابتدائی جانکاری سے پتہ چلتا ہے کہ دو سے تین مکانات، تین منزلہ ڈھانچے کا ایک حصہ، منہدم ہو گئے۔ اطلاع ملنے کے بعد ممبئی فائر بریگیڈ، پولیس، بی ایم سی وارڈ آفس، اور 108 ایمبولینس سروس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔بی ایم سی نے کہا کہ یہ فیصلہ محکمے کی پیشن گوئی کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے۔ ایک بیان میں بی ایم سی نے کہا کہ “اس پیشین گوئی کے پیش نظر اور طلباء کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، ممبئی کے تمام سرکاری، نجی، اور برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے اسکولوں اور کالجوں میں چھ جولائی 2026 بروز پیر چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئی ممبئی کی میئر سجاتا پاٹل اور این ایم ایم سی کمشنر کیلاش شندے نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں جب تک کہ بالکل ضروری نہ ہو۔