عظمیٰ نیوز ڈیسک
ممبئی // مہاراشٹر کے بھنڈارا میں ایک آرڈیننس فیکٹری میں بڑے دھماکے کی اطلاع ملی ہے، جس میں 5ملازمین کی موت ہو گئی ہے۔ دھماکہ فیکٹری کے آر کے برانچ سیکشن میں ہوا۔ حادثے میں کئی دیگر ملازمین زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور آخری اطلاع موصول ہونے تک، امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔حکام نے دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکہ فیکٹری کے آر کے برانچ سیکشن میں ہوا، جہاں ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کیا جاتا ہے۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر جمع ہو گئے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر نیشنل ہائی ویز نتن گڈکری سمیت دیگر سیاستدانوں نے اس افسوسناک واقع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔گڈکری نے ایک پریس کانفرنس میں مرنے والوں کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔راج ناتھ سنگھ نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ اس دھماکے سے وہ گہرے دکھ میں ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر بچا کے کام میں مصروف ہیں اور حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔