عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں کشمیر کے ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کی 129ویں جینتی کے موقع پر جموں میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی مجسمہ پر عقیدت کے پھول چڑھائے گئے۔ اس موقع پر مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے اجات شترو سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان آر پی سنگھ سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔مہاراجہ ہری سنگھ کو جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے اور ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے والے دوراندیش حکمران کے طور پر یاد کیا گیا۔ ان کی جانب سے کیے گئے سماجی اصلاحات اور ملک و قوم کے لیے دی گئی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ آر پی سنگھ نے اس موقع پر مہاراجہ ہری سنگھ کی حب الوطنی اور سماجی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں آر پی سنگھ نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کی قیادت نے نہ صرف جموں و کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا بلکہ ان کی بصیرت نے ریاست کو بھارت کے ساتھ جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگ، مرکزی وزرأ ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جی کے کشن ریڈی نے مختلف تقریبات میں مہاراجہ ہری سنگھ کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہاراجہ نے صرف 22 سال تک جموں و کشمیر پر حکومت نہیں کی، بلکہ وہ آج بھی ہمارے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ تقریب میں ترون چگ نے کہا کہ مہاراجہ ایک عظیم سماجی اور انقلابی شخصیت تھے، جنہوں نے جموں و کشمیر میں ایک متاثر کن کردار ادا کیا اور عوام کو خوشحال زندگی گزارنے کے تمام مواقع فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہو کر معاشرے کے ہر طبقے کی بھلائی کے لیے انقلابی اقدامات کیے، جس کی وجہ سے آج بھی جموں و کشمیر کا ہر طبقہ انہیں عزت و احترام سے خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اس عظیم شخصیت کی ہمیشہ توہین کی اور ان کی عظمت کو ٹھیس پہنچائی، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے ڈوگرا مہاراجہ کو اعلیٰ مقام دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ آج ہر کسی کے دل پر راج کر رہے ہیں اور جموں و کشمیر بھر میں ہزاروں مندر ان کی عظمت کو ظاہر کرتے ہیں، جنہیں انہوں نے تعمیر کیا اور جہاں ہر کسی کے لیے دروازے کھلے رکھے۔ انہوں نے ویشنو دیوی، رگھوناتھ مندر، شیوم کھوڑی اور شنکراچاریہ جیسے مقدس مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہاراجہ نے ہر کسی کے لیے یہ دروازے کھلے رکھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مہاراجہ کی طرف سے اٹھائے گئے اصلاحی قدم کا ذکر کیا جو وقت سے بہت پہلے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ نے جموں و کشمیر میں ماہر لوگوں کو تعلیم، سائنس اور دیگر شعبوں کو فروغ دینے کے لیے مدعو کیا تاکہ اس خطے کو نئے سرے سے بحال کیا جا سکے۔