عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ //نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے وزیر اعظم پیکیج کے تحت کشمیری مہاجر ملازمین کیلئے ٹرانزٹ رہائش کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کیلئے اننت ناگ ضلع کے مٹن میں مچبھون اور مارتنڈ کا دورہ کیا ۔ معائنہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ مچبھون اور مارتنڈ کے 15 بلاکس میں سے 10 مکمل ہو چکے ہیں اور 5 پر کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت 70 فیصد سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا گیا ہے ۔ مقررہ مدت میں اس منصوبے کو مکمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے قابل اعتماد رہائشی انفراسٹرکچر کی تشکیل کیلئے معیاری مواد کے استعمال پر زور دیا ۔ انہوں نے مستقبل کے رہائشیوں کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے انٹیرئیر ڈیزائن سمیت مواد کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جاری منصوبوں کی تیز اور معیاری تعمیر کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے تا کہ سماجی و معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہو سکے ۔ چودھری نے زیر تعمیر بلاکس کی پیشرفت ، بروقت تکمیل اور سخت نگرانی کی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ بیک وقت ٹرانزٹ رہائش اور باؤنڈری وال تک پہنچنے والی سڑک پر کام مکمل کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عہدیداروں کو متنبہ کیا کہ وہ ٹائم لائن پر عمل پیرا ہونے اور مواد کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔