یو این آئی
نئی دہلی// مہاتما گاندھی کی 77ویں برسی کے موقع پرصدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر داخلہ امت شاہ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ، کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور دیگر رہنمائوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر جمہوریہ نے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ بابائے قوم کی سمادھی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’آج صبح راج گھاٹ پر پوجیہ باپو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ہم ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی قوم کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں‘‘۔وزیر داخلہ امت شاہ نے گاندھی جی کے اصولوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، سچائی، عدم تشدد اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کے اصولوں کو دنیا میں مقبول بنانے والے گاندھی جی کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کے خیالات آج بھی ہندوستانیوں کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے 30 جنوری روڈ پر واقع گاندھی اسمرتی کا دورہ کیا اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میزورم کے گورنر ریٹائرڈ جنرل وی کے سنگھ نے سوشل میڈیا پر کہا گاندھی جی نے ہمیں سچائی، عدم تشدد اور امن کا راستہ دکھایا۔ ان کے نظریات ہمارے لئے ہمیشہ قابل تقلید رہیں گے۔اس موقع پر ملک بھر میں مختلف مقامات پر باپو کی یاد میں خراج عقیدت پروگرام، سیمینار اور دعائیہ جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا’’مہاتما گاندھی کے خود انحصاری اور سادگی پر مبنی نظریات آج ایک خود مختار ہندوستان کے لیے مشعل راہ ہیں‘‘۔وزیر نتن گڈکری، کرن رجیجو اور دیگر مرکزی وزرا نے بھی گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اصولوں کو دنیا کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔