سمت بھارگو
جموں//فوج کی انجینئرنگ رجمنٹ نے جموں کے اکھنور سب ڈویژن کے مکوال علاقے میں ایک بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن انجام دیا، جہاں دریائے چناب کے شدید طغیانی کے باعث دیہات پانی میں ڈوب گئے تھے۔منگل کی دیر شام شروع ہونے والی کارروائی کے دوران فوجی اہلکاروں نے بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ان شہریوں کو بھی بچایا جو سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے تھے۔ فوج کے مطابق وہائٹ نائٹ کور کی ایک فلڈ ریلیف ٹیم بی ایس ایف کے تعاون سے 26 اگست کی رات متاثرہ علاقے میں تعینات کی گئی تھی۔انجینئرنگ رجمنٹ کے اہلکاروں نے طاقتور لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے پھنسے ہوئے بی ایس ایف اہلکاروں تک رسائی حاصل کی اور انہیں بحفاظت نکالا۔ فوج نے بتایا کہ اس دوران نو شہری، جن میں بچے بھی شامل تھے، گھروں میں پانی بھر جانے کے باعث پھنس گئے تھے جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جموں خطے میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس سے مقامی آبادی کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن متاثرین کی بحفاظت نکاسی تک جاری رہے گا۔