لاہور //پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد چلنے والی عوامی مہم پہلے کبھی نہیں چلی ۔انہوں نے کہا ’’ہم مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیر کی مہم بہتر طریقے سے چلا رہے ہیں اور اس میں مزید بہتری آئے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے بھارت سے تعلقات کا مطلب یہ نہیں کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات نہیں چاہتا، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ ہم زیادہ تعلق چین اور روس سے رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اس خطے میں ترقی لا رہے ہیں، ون بیلٹ ون روڈ کا تصور بہت وسیع ہے، پاکستان سی پیک سے معاشی حب بن سکتا ہے، سی پیک کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ ترقی کا راستہ ہے، بھارت سی پیک سے باہر رہ کر نقصان اٹھا رہاہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی بہت بہتر ہے اور ہم کسی بھی ملک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور اپنے حقوق و مفادات کو مقدم رکھیں گے۔کلبھوشن یادیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے ہندوستان اور پاکستان کو اس معاملہ میں اپنا جواب تیار کرنے کے لئے تین ماہ دیے ہیں ہم کیس پوری تیاری کے ساتھ پیش کریں گے اور اس کے بعد ان کی حدود کو چیلنج کریں گے۔