اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ کے حد متارکہ پر واقع مژھل سیکٹر میں پولیس اور فوج نے ملی ٹینٹوں کا ایک خفیہ ٹھکانہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،جس کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور فوج کے 12سکھ یونٹ نے مشترکہ کاروائی کے دوران سیڈوری نالہ سمشا بہک جنگل میں ایک تلاشی کاروائی شروع کی ۔تلاشی کاروائی کے دوران پولیس اور فوج نے ملی ٹینٹوں کا ایک ٹھکانہ ڈھونڈنے میں کامیابی حاصل کی، جس کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بر آمد ہوا جس میں 5اے کے47رائفلیں ،8اے کے 47میگزین ،1پستول ،1پسٹل میگزین ،660گولیو ں کے رائونڈ ،ایک پستول رائونڈ کے علاوہ دیگر جنگی سامان شامل ہے ۔پولیس کا کہنا ہے ملیٹینٹ ایک بڑی کاروائی انجام دینے کی تیاری میں تھے اور ان کا مقصد علاقہ میں امن و امان خراب کرنا تھا لیکن سیکورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کاروائی کے بعد ایک بڑے خطرہ کو ٹال دیا گیا اور ان کے مزموم عزائم کو ایک بڑا دھچکہ لگ گیا ۔فوج او ر پولیس کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔