کپوارہ// وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دو روزہ دورے سے قبل سرحدی ضلع کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں تازہ دراندازی کے دوران فوج اور جنگجوﺅں کے درمیان جھڑپ میں 3 جنگجو جاں بحق ہوئے۔فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی علی الصبح حد متارکہ پر ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکاروں نے جنگجو ﺅںکے گروپ کو دراندازی کی کوشش کے دوران دیکھا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی، تاہم جنگجو ﺅںنے فوج پر اندھا دھند فائرنگ کی۔طرفین کے درمیان زبردست فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا ۔ بعد میں فوج نے دعویٰ کیا کہ جھڑپ میں 3 جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ تاہم انکی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔جھڑپ کے بعد علاقہ کے ایک وسیع حصہ کو محا صرے میں لیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی ۔ علاقہ میں مزید فوج طلب کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کپوارہ ضلع میں کیرن، کرناہ اور مژھل سیکٹروں میں یہ تیسری در اندازی کی کوشش ہے اور اب تک جھڑپوں میں کل ملا کر 9 جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیںجن میں پلوامہ اور کولگام کے دو مقامی جنگجو بھی شامل ہیں جبکہ باقی کرناہ کے وڈون علاقہ میں سپرد خاک کئے گئے۔