کپوارہ+اوڑی// سرحدی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ نو گام سیکٹر میں ایک اور درندازی کی کوشش کے دوران خون ریز تصادم آرائی میں 3عدم شناخت جنگجواور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ادھر اوڑی سیکٹر میں جنگجوئوں اور فوج کے مابین تصادم آرائی میں دو فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے۔فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں شمالی کشمیر میں 4مقامات پردراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا اور اس دوران7جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو فوجی زخمی ہوئے ۔ کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان خون ریز تصادم آ رائی میں بدھ کی صبح تین جنگجو مارے گئے تھے لیکن بدھ کی شام ہی مزید ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی ہے۔اس طرح یہاں در اندازی کی کوشش کرنے والی جنگجوئوں کی تعداد چار تک پہنچ گئی ہے۔فوج کے ایک ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نوگام بنگس وادی میں حد متارکہ کے نزدیک تازہ در اندازی کی کوشش کے دوران فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان خون ریز تصادم آ رائی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بنگس وادی کے نوگام سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک توت مار گلی کے تمبہ پوسٹ پر 17انفنٹری بریگیڈ سے وابستہ فوجی اہلکاروں نے جمعرات کی علی الصبح جنگجوئو ں کے ایک گروپ کو مشکو ک حالت میں دیکھا جو سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ترجمان نے بتا یا کہ جوں ہی جنگجوئو ں کے اس گروپ نے سرحد عبور کی تو فوج نے انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی جو جنگجوئو ں نے ٹھکرا دی اور جدید ہتھیار سے فوج کی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔فوج نے فوری طور علاقے کو گھیرے میں لیا اور جوابی کارروائی شروع کی ۔ طرفین کے درمیان تصادم آ رائی کئی گھنٹو ں تک جاری رہی اور اس تصادم میں فوج نے 4عدم شناخت جنگجوئو ں کو جاں بحق کیا جبکہ جھڑپ میں 1فوجی اہلکار بھی ہلاک ہو گیا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شام 4بجے تک علاقے میں تلاشی کاروائی جاری تھی اور علاقے کے ایک بڑے حصے کو گھیرے میں لیکر پورے علاقہ میں فوج کو چوکس کیا گیا اور تمام راستو ں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مژھل اور نوگام سیکڑوں میں فوج کی جانب سے ابھی بھی تلاش کارروائیا ں جاری ہیں اور ہیلی کاپٹرو ں کا بھی استعمال کیا گیاہے ۔ادھراوڑی کنٹرول لائن پر واقعہ گوالتہ گائوں میں جمعرات کی صبح جنگجوئوں کی فائرنگ سے 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔فوج نے بتایا ہے کہ جنگجوئوں نے فوج کی کیکر اور انیل چوکیوں کے نزدیک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مے4جیک لائی سے وابستہ دو فوجی اہلکار فرہان علی اور سپاہی وجے شرما زخمی ہوگئے جنہیں علاج معا لجے کے لئے ہسپتال میں بھرتی کیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گوالتہ میں فوجی چوکیوں پر جنگجوئوں کی طرف سے فائرنگ کے بعد فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے کیوں کہ فوج کو خدشہ ہے کی جنگجو سرحد کے حدود میں داخل ہو گئے ہیں۔دریں اثناء بکتور گریز سیکٹر میں بھی کل رات در اندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد یہاں فائرنگ کا زور دار تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔فوج کا کہنا ہے کہ جنگجو سرحد کے اس پار فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم انہوں نے اپنے پچھلے کچھ چیزیں چھوڑیں۔