عاصف بٹ
کشتواڑ// دورجدید میں بھی بجلی ، مواصلاتی نظام و مکمل سڑک رابطہ سے محروم مڑواہ علاقے کی سترہ سالہ عشرت رسول نے گائیکی کے ہنر سے علاقے کا نام روشن کیا۔ سترہ سالہ عشرت مڑواہ کے چینجر سے تعلق رکھتی ہے اور ہائی سکول چینجر میں دسویں جماعت کی طالبہ ہے۔ عشرت نے کہا کہ انہیںبچپن سے گانے کا بہت شوق تھااور خود سے ہی گانا سیکھا کیونکہ علاقے میں بنیادی سہولیات نہیں ہیں۔انہوںنے کہا کہ سب سے پہلے انہوںنے سکول کے ایک پروگرام میں گایا جسکے بعد یوم آزادی کی تقریب میں گایا اور بعد میں سبھی تقاریب میں انہیں گانے کا موقعہ ملا۔انکا کہناتھا’’والدین نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ۔
کشتواڑ آئیڈیل پہلی بار منعقد ہوا جس میں کشتواڑ آئیڈیل کی رنر اپ رہی میری آواز کو لوگوں نے کافی پسند کیا۔ میں ہندی ،کشمیری و اردو میں گانے گاتی ہوں۔چند ماہ قبل ہی میرا نام جموں کشمیر شاینگ سٹار کیلئے منتخب ہوا جبکہ واڑون فیسٹول میں بھی میںنے پرفارم کیا‘‘۔عشرت نے مزید کہا’’ ہم اس علاقے سے تعلق رکھتے ہیںجہاں آج بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔مجھے گانے ریکارڑ کرنے کیلئے مڑواہ سے کئی سو کلومیٹر کا سفر طے کرکے کشتواڑ یاپھر اننت ناگ جانا پرٹاہے جسکے بعد میں گانے ریکارڑ کرتی ہوں‘‘۔انہوںنے مزید کہا کہ انکاخواب بالی وڈ میں گانے کا ہے تاہم سیکھنے کا انتظام نہیں ہے۔وہ کہتی ہیں’’ہمارے یہاں سکھانے کیلئے کوئی انتظام نہیں ہے۔اگرانتظامیہ علاقے یا پھر ضلع میں کوئی اکیڈمی قایم کرتی جہاں ہمیں سیکھنے کا موقعہ ملتا توہم بھی اپنے ضلع کے ساتھ جموں کشمیر و ملک کا نام روشن کرتے‘‘۔